حارث ! اگلی دفعہ مجھے گیند آرام سے کرنا، شاہد آفریدی

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز کے باؤلر حارث رؤف کی شان دار یارکر کا نشانہ بننے کے بعد ان کی باؤلنگ کو بہترین قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ‘حارث نے بہت اچھی باؤلنگ کی، یہ ایک شان دار اور غیر معمولی یارکر تھی’۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ‘برائے مہربانی اگلی دفعہ مجھے آرام سے گیند کرائیں’۔ شاہد آفریدی نے پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیم لاہور قلندرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ‘لاہور قلندرز کو مبارک ہو، کل ایک پرجوش میچ کی توقع ہے’۔ انہوں نے پورے سیزن میں حمایت کرنے پر اپنی ٹیم ملتان سلطانز کے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے ایک اہم موقع پر ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی کو صفر پر آؤٹ کرنے کے بعد روایتی انداز میں جشن منانے سے گریز کیا تھا اور آفریدی کے سامنے ہاتھ جوڑے تھے۔ حارث رؤف کے اس انداز کو سوشل میڈیا میں خوب سراہا گیا تھا اور خود شاہد آفریدی نے بھی ان کی اس گیند کی تعریف کی۔ حارث رؤف نے اس سے قبل کرک انفو کو اپنے ویڈیو انٹرویو میں آفریدی کو آؤٹ کرنے کے بعد اپنائے گئے انداز سے متعلق وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘وکٹ لینے کے بعد میرا انداز بہت جارحانہ ہوتا ہے لیکن کل جب شاہد بھائی کو آؤٹ کیا تو ان کے احترام کے لیے یہ ضروری تھا کہ وکٹ لینے کے بعد میں ان کا احترام کروں، کیونکہ وہ پاکستان کے سپر اسٹار ہیں اور انہوں نے پاکستان کے لیے کئی میچز جتوائے ہیں’۔  حارث رؤف نے کہا کہ ‘معافی تو نہیں مانگی تھی لیکن ان کا احترام کرنا تھا اور ان کے احترام میں یہ میرا ایک انداز تھا، جس طرح انہوں نے میچز جتوائے ہیں، اس کے لیے یہ انداز تھا’۔  لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر نے کہا کہ ‘ان کے لیے میرے دل میں عزت ہے اور میں کوشش کر رہا تھا کہ اس طرح اظہار کروں’۔

بشکریہ ڈان نیوز

شاہد آفریدی کا جشن منانے کا انداز کوہلی سے زیادہ مقبول

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تقرہباً تین سال کا عرصہ بیت چکا ہے لیکن وہ اب بھی شائقین میں یکساں مقبول ہیں۔
شاہد آفریدی دنیا بھر میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور تھے لیکن کیریئر کے دوسرے حصے میں ان کی باؤلنگ ان کا خاصا بن گئی تھی جس کی بدولت ان کا جشن منانے کا انداز بھی شائقین کو بہت پسند تھا۔ حال ہی میں کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ ‘کرک انفو’ کی جانب سے پول کے ذریعے عوام سے رائے مانگی گئی کہ انہیں دنیا بھر میں کس کرکٹر کا جشن منانے کا انداز سب سے زیادہ پسند ہے۔ اس سلسلے میں شاہد آفریدی کا مقابلہ بھارتی ٹیم کے موجودہ کپتان کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے شیلڈن کوٹریل، ڈیوین براوو، کرس گیل، کیسرک ولیمز اور عمران طاہر سمیت مختلف کرکٹرز سے تھا۔

ووٹنگ میں شاہد آفریدی دیگر کھلاڑیوں پر سبقت لے گئے اور شائقین نے 3 ہزار 800 سے زائد ووٹ دے کر ان کے جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا ہے۔ شاہد آفریدی نے پہلی مرتبہ 2006 میں کیچ پکڑنے کے بعد اس انداز میں جشن منایا تھا جو بعد ازاں ان کا خاصا بن گیا اور اب بھی ہمیں پاکستان سپر لیگ میں وہ اس انداز سے جشن مناتے نظر آتے ہیں۔ عوام نے دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر شیلڈن کوٹریل کے سیلیوٹ مار کر جشن منانے کے انداز کو سب سے زیادہ پسند کیا اور انہیں 2 ہزار 200 سے زائد ووٹ مل چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر کا وکٹ لے کر دیوانہ وار جوش و خروش کے ساتھ گراؤنڈ میں بھاگنے کا انداز ہم سب کو پسند ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ایک ہزار 600 ووٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ویرات کوہلی کو بھی ان کے انداز پر ڈیڑھ ہزار لوگ ووٹ دے چکے ہیں۔

پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر بالترتیب ڈیوڈ وارنر، ڈیل اسٹین اور کرس گیل موجود ہیں، کرس گیل کے گینگم اسٹائل میں جشن کو ہزار سے کم ووٹس ملنا انتہائی حیران کن ہے۔ اس کے علاوہ فہرست میں شیکھر دھاون کا کبڈی اسٹائل میں جشن، ڈیوین براوو کا چیمپیئن ڈانس، رومان رئیس کا وکٹ لے کر بھی خاموشی سے جشن منانا اور کیسر ولیمز کا نوٹ بک پر دستخط کر کے جشن منانے کا منفرد اسٹائل بھی شامل ہے۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان جو روٹ بھی منفرد انداز میں بلا ڈراپ کرنے پر فہرست کا حصہ بننے میں کامیاب رہے جبکہ روس ٹیلر کا سنچری کے بعد زبان نکالنا، بنگلہ دیشی وکٹ کیپر نظم الحسن کا ناگن ڈانس اور آندرے رسل کا خوبصورت ڈانس سے جشن منانا بھی ووٹنگ کے لیے فہرست کا حصہ ہے۔

بشکریہ ڈان نیوز

شاہد آفریدی نے مشکل وقت میں پڑوسی ملک کے دل جیت لیے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کووڈ-19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے سرحدوں کی بندشوں سے ماورا ہو کر بنگلہ دیش کے عوام کی مدد کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اپنا حصہ ڈال دیا۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے اسٹار بلے باز اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے کووڈ-19 ریلیف فنڈ کی کوششوں کے سلسلے میں اس بلے کو نیلامی کے لیے پیش کیا تھا جس سے انہوں نے 2013 میں سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کے لیے پہلی ڈبل سنچری بنائی تھی۔ اب پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مشفق الرحیم کے اس بلے کو 20 ہزار ڈالر میں حاصل کر لیا۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی شاہد آفریدی کے اس قدم کو سراہتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ‘مشفق الرحیم کو ایک خریدار مل گیا’۔

آئی سی سی نے تحریر کیا کہ ‘پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنے ادارے کی جانب سے بلا خرید کر اچھے مقصد میں شمولیت کر لی ہے’۔ دوسری جانب ڈھاکا میں موجود مشفق الرحیم نے اس عظیم مقصد کے لیے تعاون کرنے پر شاہد آفریدی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘میں شاہد بھائی کو بڑا سراہتا ہوں کہ انہوں نے رابطہ کیا اور مدد کی پیش کش کی’۔ بنگلہ دیش کے تجربہ کار کھلاڑی کا کہنا تھا کہ ‘اس بحرانی صورت حال میں ہم سرحدوں سے ماورا ہو کر متحد ہیں اور ہم اپنے ملک کے شہریوں کے لیے اس کا اظہار کر رہے ہیں’۔ اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کسی قوم کا نہیں بلکہ ایک مقصد ہے۔ مشفق الرحیم نے مزید کہا کہ ‘میں میدان میں ان کے ساتھ محظوظ ہوتا ہوں چاہے ان کے ساتھ کھیلوں یا ان کے خلاف کھیلوں، میرے خیال میں زندگی کے دیگر شعبوں سے بھی لوگوں کو آگے بڑھ کر مدد کرنی چاہیے’۔

ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں کوریئر سروس کے ذریعے شاہد آفریدی کو بلا بھجوا دوں گا۔ علاوہ ازیں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ‘مجھے بنگلہ دیش کے لوگوں سے ہمیشہ پیار اور محبت ملی ہے اور جب مجھے مشفق الرحیم کے کام کا علم ہوا تو میں نے ان سے رابطہ کر کے اپنی حیثیت کے مطابق حصہ ڈالنے کی پیش کش کی’۔ انہوں نے کہا کہ ‘اس طرح کے تعاون اور احترام کے رویے سے دونوں ممالک کے عوام قریب آسکتے ہیں’۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں اس وقت کورونا وائرس کے 20 ہزار 995 متاثرین رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ مزید 16 اموات کے بعد مجموعی طور پر 314 افراد اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنے ہیں۔ خیال رہے کہ بنگلہ دیشی عوام کی جانب سے گزشتہ چند ہفتوں میں صنعتوں میں کام کی بحالی اور بےروزگاری کے خاتمے کے لیے لاک ڈاؤن کے باوجود شدید احتجاج ہوئے تھے۔ عوام کا مطالبہ تھا کہ انہیں متعلقہ صنعتوں سے تنخواہیں جاری کی جائیں اور دیہاڑی داروں کے لیے انتظام کیا جائے۔

محمد آصف خان

بشکریہ ڈان نیوز

بوم بوم آفریدی : نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل

آسٹریلیا کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز آئن چیپل کا کہنا ہے کہ بہت سے نوجوان اسلئے کرکٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں کہ اُن کے سامنے کرکٹ کا کوئی رول ماڈل ہوتا ہے۔ وہ اسلئے کرکٹ دیکھتے ہیں کہ یہ ایک مقبول کھیل ہے اور پھر کوئی نہ کوئی عظیم کھلاڑی اُن کی نظر میں آ جاتا ہے جسے وہ اپنا رول ماڈل بناتے ہوئے کرکٹ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔ وہ سوچنے لگتے ہیں کہ کیا وہ بھی اپنے ہیرو کی طرح اس کھیل میں مہارت حاصل کر پائیں گے اور اُس جیسے کارنامے انجام دے پائیں گے۔ یوں وہ اپنی جستجو کے سفر کا آغاز کر دیتے ہیں۔ آئن چیپل کہتے ہیں کہ جب تک نوجوانوں کیلئے ایسے ہیرو موجود رہیں گے جن کی وہ تقلید کر سکیں، اُس وقت تک کرکٹ انتہائی مقبول اور مضبوط کھیل رہے گا۔

شاہد آفریدی بھی ایک ایسے ہی ہیرو رہے ہیں جن کی لاکھوں نوجوان تقلید کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ بوم بوم شاہد آفریدی T20 کرکٹ کیلئے موذوں ترین آل راؤنڈر رہے ہیں۔ اگرچہ عمر اب اُن کا ساتھ نہیں دے رہی، پھر بھی اُن کے چہرے پر اب بھی وہی مسکان دکھائی دیتی ہے جس سے شائقین گزشتہ 21 برس سے مانوس رہے ہیں۔ اُن کی یہ مسکان ہمیشہ کرکٹ کیلئے اُن کے جنون کو ظاہر کرتی رہی ہے۔ آج اگر آپ کسی بہترین T20 بالر کا تصور کرتے ہیں تو وہ شاید انتہائی تیز رفتار بالر ہو گا یا پھر ایسا سپنر جو گیند کو دونوں جانب گھما سکتا ہو۔ اور اگر آپ بہترین T20 بلے باز کا تصور کرتے ہیں تو وہ شاید ایسا بلے باز ہو گا جو کسی بھی مرحلے پر 9 رنز فی اوور کی رفتار سے بیٹنگ کر سکتا ہو۔ بوم بوم آفریدی میں یہ دونوں خوبیاں اُس وقت بھی موجود تھیں جب لوگ یہ نہیں جانتے تھے کہ T20 میچ کیسا ہوتا ہے۔

کرکٹ کے کچھ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے آندرے رسل T20 کیلئے موذوں ترین کرکٹر ہیں۔ لیکن جو لوگ کرکٹ کو جانتے ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ آندرے رسل پاور پلے کے دوران اس قدر کامیاب ثابت نہیں ہوئے۔ شاہد آفریدی ایک ایسے بالر تھے جو کھیل کے کسی بھی مرحلے پر مخالف ٹیم کو شدید دباؤ میں مبتلا کر دیتے تھے اور وہ میچ کے 20 اووروں کے دوران کسی بھی وقت زوردار بیٹنگ کر سکتے تھے۔ کرکٹ کے معروف مبصر جیرڈ کیمبر کے مطابق آفرید ی کا مسئلہ یہ تھا کہ وہ وقت سے ہمیشہ آگے رہے۔ بیشتر ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ وہ T20 کھلاڑیوں کیلئے ایک مثالی کرکٹر تھے۔ وہ اُس وقت چوکے اور چھکے لگا تے تھے جب دوسرے کرکٹر محض ایک ایک رن بنانے کی کوشش کر رہے ہوتے تھے۔

ایک مرحلے پر کرس گیل بھی اس نتیجے پر پہنچے کہ رسکی سنگل بنانے کے مقابلے میں رسکی چوکے چھکے لگانا کہیں بہتر ہے۔ آفریدی ہمیشہ اس انداز میں بیٹنگ کرتے تھے گویا یہ میچ کا آخری مرحلہ ہے۔ سپنر کے طور پر اُنہیں کھیلنا منجھے ہوئے بلے بازوں کیلئے بھی بہت مشکل رہا ہے۔ وہ اس انداز کی کرکٹ کیلئے فطری مہارت رکھتے تھے۔ اب T20 کرکٹ آگے نکل چکی ہے۔ اب بہت سے ایسے بلے باز دکھائی دینے لگے ہیں جو آفریدی کی طرح زوردار بیٹنگ کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ لیکن آفریدی کی منفرد حیثیت اسلئے اہم ہے کہ وہ اُس وقت بھی ایک مثالی کرکٹر تھے جب دیگر منجھے ہوئے کرکٹر T20 کرکٹ کی ضروریات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اب بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ بوم بوم آفریدی پہلے جیسے نہیں رہے۔ لیکن نوجوانوں کیلئے وہ اب بھی ایک رول ماڈل ہیں۔

شبّیر جیلانی

آفریدی کو ’بوم بوم‘ کا خطاب کس نے دیا تھا ؟

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہدآفریدی کو ’بوم بوم‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ انہیں یہ خطاب کس نے دیا ؟ اس راز سے پردہ کسی اور نے نہیں، خود شاہد آفریدی نے اُٹھایا ہے۔ شاہد آفریدی سے ان کے ایک مداح نے ٹوئٹر پر پوچھا کہ انہیں ’بوم بوم‘ کا خطاب کس نے دیا تھا ؟ اس کے جواب میں شاہد آفریدی نے لکھا کہ انہیں یہ خطاب بھارت کے معروف کرکٹر روی شاستری نے دیا تھا۔ ایک اور مداح کے جواب میں ’بوم بوم‘ آفریدی نے بتایا کہ وسیم اکرم اور گلین میگرا ان کے پسندیدہ بولر ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ ’اے بی ڈولیئرز‘ کو بولنگ کرنا پسند کریں گے جبکہ وہ انڈین اوپنر وریندر سہواگ کو بھی بولنگ کرنا پسند کرتے تھے۔

آفریدی نے 2017 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے اپنے کیریئر میں 27 ٹیسٹ، 398 ون ڈے، اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے۔ انہوں نے 398 ون ڈے میچوں میں چھ سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 8064 رنز بنائے۔ ٹی ٹوئنٹی میں شاہد آفریدی نے 1416 رنز بنائے۔ شاہد آفریدی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں پانچ سنچریوں اور آٹھ نصف سنچریوں کی مدد سے 1716 رنز بنائے۔ انہوں نے اکتوبر 1996 میں کینیا کے خلاف اپنے کیریئر کے پہلے ون ڈے میچ میں صرف 37 گیندوں پر سنچری بنا کر دُنیائے کرکٹ میں دھوم مچا دی تھی۔

کرس گیل نے شاہد آفریدی کا زیادہ چھکوں کا ریکارڈ برابر کر دیا

ویسٹ انڈین بیٹسمین کرس گیل نے پاکستانی جارح مزاج بیٹسمین شاہد آفریدی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
سینٹ کٹس میں بنگلا دیش کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ کے دوران کرس گیل نے 66 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی اور 6 مرتبہ گیند کو باﺅنڈری لائن کے باہر پھینکا، ان کی دھواں دھار اننگز کے باوجود ویسٹ انڈیز کو بنگلا دیش کے ہاتھوں سیریز میں 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کرس گیل اور شاہد آفریدی اب مشترکہ طور پر 476 چھکوں کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ میں سرفہرست ہیں، کرس گیل نے یہ سنگ میل 443 میچز میں عبور کیا جب کہ شاہد آفریدی نے 524 میچز کے دوران یہ ریکارڈ بنایا تھا۔

ورلڈ الیون کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اوئن مورگن کے زخمی ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میچ میں ورلڈ الیون کی قیادت اب پاکستان کے اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی کریں گے۔ ورلڈ الیون اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 31 مئی کو ایک خیراتی میچ لندن کے تاریخی گرائونڈ لارڈز میں کھیلا جائے گا جس کا مقصد گذشتہ سال 2017 میں جزائر غرب الہند میں ارما اور مریا نامی سمندری طوفانوں سے کرکٹ کے میدانوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر و مرمت کے لیے چندہ جمع کرنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن انگلی فریکچر ہونے کے باعث اس مقابلے میں شرکت نہیں کر سکیں گے اور ان کی جگہ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔اوئن مورگن اتوار کو مڈل سیکس اور سمرسیٹ کے درمیان کاؤنٹی میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوئے تھے۔ شاہد آفریدی نے آئی سی سی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک اچھے مقصد کے لیے ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

جسٹن ٹروڈو کی سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کیلئے تعریفی اسناد

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان کے سابق اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی تعلیم اور صحت سمیت دیگر فلاحی اور سماجی خدمات کو سراہا۔ کینیڈا کے شہر وینکوور میں اسلامک ریلیف کینیڈا نامی تنظیم کی جانب سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے لیے ایک فنڈ ریزنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیئے۔

جسٹن ٹروڈو کی آفریدی کیلئے تعریفی اسناد
اس موقع پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بوم بوم آفریدی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں تعریفی خط بھی لکھا جس میں انہوں نے آفریدی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامک ریلیف کینیڈا کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر میں آپ کو خوش آمدید کہنا میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ ٹروڈو نے اپنے خط میں کینیڈا کی کامیابی کا راز تمام مذاہب کے لوگوں کو حاصل مکمل آزادی کو قرار دیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہاں کے شہری مسلم کمیونٹی سمیت تمام کمیونیٹیز کے لوگوں کے ساتھ مل کر ہر ایک کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں۔

بھارتی پرچم و تماشائی کے ساتھ تصویر پر آفریدی کی وضاحت

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کی ان کے جھنڈے کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹرز امن کے سفیر ہوتے ہیں اور بھارتی جھنڈے کے ساتھ تصویر کا مقصد صرف یہ تھا کہ اس بھارتی تماشائی کی اچھی تصویر آ سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے گئی نمائشی میچ کی سیریز کے دوران شاہد آفریدی کی بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کو بھارت بھر میں بہت سراہا گیا تھا۔

شاہد آفریدی نے بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہیے، یہی وجہ تھی کہ میں بھارتی تماشائی سے پرچم کو صحیح طریقے سے پکڑنے کا کہا اور میں یہ بھی چاہتا تھا کہ اس کی تصویر اچھی آئے۔ انہوں نے یہ بات نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مائیکروسافٹ پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹرز تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم امن کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں محبت اور امن پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں اور آئس کرکٹ میں ہمارا بہت اچھا وقت گزرا۔ قومی ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ دورے کیلئے تیاری نہ کرنے کو ٹیم کی ون ڈے کرکٹ میں ناکامی کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے محض ایک دن کیمپ میں ٹریننگ کی، آخر ہم نیوزی لینڈ جا رہے تھے یا دبئی؟۔ جب بھی ہم مشکل دوروں پر جاتے ہیں تو ہمیں زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے کیونکہ میچز جیتنے کیلئے پریکٹس، فٹنس اور صلاحیت ہی معنی رکھتی ہے۔

شاہد آفریدی کا وہ چھکا جس پر انھیں 12 رنز ملے

کرکٹ کے میدانوں میں بولرز کے چھکے چھڑانے والے مایہ ناز آل راؤنڈر اور جارح مزاج بلے باز شاہد آفریدی نے دنیا کا سب سے اونچا چھکا لگانے کے ساتھ ساتھ اب تک دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ 476 چھکے لگائے جو ایک ریکارڈ ہے۔ کرکٹ کی تاریخ میں سر گیری سوبرز سے لے کر ویراٹ کوہلی تک سیکڑوں بلے بازوں نے اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا لیکن چند بلے باز ایسے بھی ہیں جو کریز پر آتے ہی بلے کو گھمانا شروع کرتے تو گیند زمین پر آنے کو ترستی جب کہ بولر انہیں گیند کراتے ہوئے ایک مرتبہ سوچتے ضرور ہوں گے۔ ایسے بلے بازوں کی ایک لمبی فہرست میں سرفہرست قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ نازآل راؤنڈر شاہد آفریدی کا نام آتا ہے جنہیں دنیا بوم بوم کے نام سے یاد کرتی ہے۔

کرکٹ کے میدانوں میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوانے والے شاہد آفریدی کی وجہ شہرت ان کے زوردار اور لمبے چھکے ہیں جنہیں دیکھ کر عوام نا صرف محظوظ ہوتے تھے بلکہ مخالف ٹیم پر نفسیاتی برتری بھی حاصل ہوجاتی تھی جو میدان میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ مخالف بولرز کا بھرتا نکالنے اور چھکے چھڑانے والے بوم بوم شاہد آفریدی نے بے شمار ریکارڈ اپنے نام کئے۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی اننگز میں ایک روزہ کرکٹ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی، 4 اکتوبر 1996 میں سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں کی مدد سے 102 رنز بنائے جو 20 سال تک ایک ریکارڈ رہا۔ شاہد آفریدی نے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ 351 چھکے لگائے جو دوسرے نمبر پر آنے والے بلے باز سے 81 چھکے زیادہ ہے یہ بھی اپنی جگہ ایک منفرد ریکارڈ ہے۔

قومی بلے باز نے مختصر کرکٹ ٹی 20 میں اب تک 73 اور ٹیسٹ میں 52 چھکے لگائے جبکہ تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر ان کے چھکوں کی تعداد 476 ہے اور یہ تعداد دیگر بلے بازوں سے بہت زیادہ ہے۔ یوں تو شاہد آفریدی کے درجنوں چھکے ایسے ہیں جو ان کے چاہنے والوں کو نا صرف یاد بلکہ انتہائی پسند ہیں لیکن اپنی شناخت رکھنے والے 2 چھکے آج تک ایک ریکارڈ ہیں، میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کا وہ چھکا جس پر انہیں 12 رنز ملے تھے اوران کا شکار ہونے والے بولر فلیمنگ تھے۔

اسٹیڈیم پر چھت تھی اور قواعد و ضوابط کے مطابق بلے باز کی جانب سے گیند کو چھت تک پہنچانے والے کے کھاتے میں 12 رنز کا اضافہ کیا جائے گا اور جب شاہد آفریدی نے گیند کو چھت تک پہنچا دیا تو ایمپائر ہولڈر بھی پریشان تھے کہ 12 رنز کا سگنل کیا دیا جائے لیکن پھر انہوں نے دونوں ہاتھوں کی کلائیاں جوڑ کر کراس بنایا جس کا مطلب کسی کی سمجھ میں نہ آسکا، کرکٹ کے مقتدر حلقوں نے اس اشارے کو 12 رنز کا سگنل کہا جب کہ شائقین کا کہنا ہے کہ ایمپائر کا اشارہ تھا کہ اب حد ہو گئی شاہد آفریدی کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ لو۔ شاہد آفریدی کا ایک چھکا اس وجہ سے مشہور ہے کہ بلے سے لگنے کے بعد گیند وکٹ سے 158 میٹر دور گری جو اب تک ایک ریکارڈ ہے۔