شاہین شاہ آفریدی کیلئے بڑا اعزاز، کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا

پاکستان کے باؤلنگ اسٹار شاہین شاہ آفریدی کو سال 2021 میں ان کی شاندار کارکردگی کے باعث ’کرکٹر آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نواز دیا گیا۔ تباہ کن باؤلنگ، رفتار اور سوئنگ کے شاندار مظاہرے کے ساتھ 2021 میں پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی کارکردگی یادگار رہی۔ اسپیڈ اسٹار نے گزشتہ سال 36 عالمی میچز میں 22.20 کی اوسط کے ساتھ 78 بلے بازوں کو اپنی خطرناک گیند بازی کا نشانہ بنایا، اس دوران انہوں نے ایک میچ میں بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 51 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھائی۔ آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر کے طور پر ’سر گارفلیڈ سوبرز ٹرافی‘ جیتنے والے شاہین شاہ آفریدی نے گزشتہ سال تینوں طرز کی کرکٹ میں دنیا کے بہترین بلے بازوں کو اپنی باؤلنگ سے پریشان کیے رکھا، خاص طور پر گزشتہ سال متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انہوں نے باؤلنگ میں اپنی مہارت سے پوری دنیا کو متاثر کیا۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر پورے سال مختصر ترین دورانیے کی طرز کی کرکٹ میں چھائے رہے، انہوں نے آئی سی سی کے میگا ایونٹ میں پاکستان کے سیمی فائنل تک کے سفر میں 6 میچوں کے دوران 7 وکٹیں حاصل کیں، میچ کے آخری اوورز میں اپنی زبردست باؤلنگ کے ساتھ 21 میچوں میں 23 وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے 2021 میں طویل دورانیے کی کرکٹ کے میدان میں بھی اپنی دھاک بٹھائے رکھی گزشتہ 9 میچوں میں انہوں نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 17.06 کی بالنگ اوسط کے ساتھ 47 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں شاہین شاہ آفریدی نے گیند بازی میں اپنی مہارت کا خوبصورتی سے مظاہرہ کیا اور بھارتی بلے بازوں کو بے بس کیے رکھا۔ انہوں نے پہلے تجربہ کار بھارتی اوپنر روہت شرما کو آؤٹ کیا، پھر کے ایل راہول کو اپنی خطرناک باؤلنگ کا نشانہ بنایا جس کے بعد پورے میچ میں بھارت سنبھل نہیں پایا اور کسی بھی عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں اپنی پہلی شکست کا شکار ہوا، اس کے بعد آخری اوورز کے دوران انہوں نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو بھی آؤٹ کیا تھا۔

میگا ایونٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی بھی شاہین شاہ آفریدی کی شاندار باؤلنگ کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ بھارتی کپتان نے فاسٹ باؤلر کی گیند بازی کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی کی باؤلنگ میچ شروع ہوتے ہی ہمیں دباؤ میں لے آئی، انہوں نے میچ کے دوران جس طرح کی لائن و لینتھ، رفتار کے ساتھ باؤلنگ کی اس کا سامنا کرنا آسان نہیں تھا۔ ’سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی فار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز کرکٹر آف دی ایئر‘ کے لیے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے علاوہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن بھی شامل تھے۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال متعدد اعزازات اپنے نام کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے قومی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو سال کا بہترین ٹی 20 کرکٹر قرار دیا تھا۔

بشکریہ ڈان نیوز

آئی سی سی کا ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بابر اعظم کے نام

سال بھر میں متعدد اعزازات اپنے نام کرنے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ حالانکہ بابر نے پورے سال میں صرف 6 ایک روزہ میچز کھیلے لیکن انہوں نے پاکستان کے لیے ایک روزہ میچز کی دو سیریز میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ 6 ایک روزہ میچز میں بابر نے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے۔ آئی سی سی کے کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ کے لیے بابر اعظم کے مدِ مقابل بنگلہ دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقہ کے جینیمن ملان اور آئرلینڈ کے پاؤل اسٹرلنگ تھے۔ بابر نے سب سے زیادہ 228 رنز جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ایک روزہ سیریز میں بنائے جس میں پاکستان نے 2 کے مقابلے 1 میچ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم بابر نے مجموعی طور پر 177 رنز اسکور کیے تھے۔ اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بابر اعظم نے اپنے مداحوں، آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ٹیم نے مجھے سپورٹ کیا ان کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا اور مجھے ایسی ٹیم پر فخر ہے۔ بابر نے کہا کہ میرے لیے گزشتہ سال کی بہترین اننگز انگلینڈ کے خلاف 158 رنز کی اننگ تھی جہاں مجھے مشکل پیش آرہی تھی لیکن اس اننگ سے اعتماد ملا۔ اسی طرح جنوبی افریقہ میں جیتنا ایک مشکل کام ہے، مختلف پچز ہوتی ہیں، ان کی بولنگ بہت معیاری ہے لیکن وہاں جا کر سیریز کے جیتنے سے ہمیں بہت مومینٹم حاصل ہوا اور اس سے بحیثیت ٹیم اور بحیثیت کپتان مجھے بہت اعتماد ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہوتی ہے جس ملک میں جائیں وہاں جا کر ان کے خلاف رنز کیے جائیں۔

بشکریہ ڈان نیوز

ایشین بریڈمین ظہیر عباس آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ’ایشین بریڈمین‘ ظہیر عباس کو ہال آف دی فیم میں شامل کر لیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر ظہیر عباس کو مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ مجموعی طور پر دنیا بھر کے 93 کرکٹرز میں سے ظہیر عباس وہ چھٹے پاکستانی ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ آئی سی سی ہال آف فیم کے موجودہ اراکین اور نمایاں صحافیوں پر مشتمل ووٹنگ کمیٹی نے اس اعزاز کے لیے ظہیر عباس کا انتخاب کیا۔ ان سے قبل حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد اور وسیم اکرم کو سال 2009 جبکہ وقار یونس کو سال 2013 میں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ آئی سی سی ہال آف فیم میں انگلینڈ کے 28، آسٹریلیا کے 27، ویسٹ انڈیز کے 18، بھارت کے 6، جنوبی افریقا کے 4، نیوزی لینڈ کے 3 اور سری لنکا کا بھی ایک کرکٹر شامل ہے۔ سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھی ظہیر عباس کو ہال آف فیم میں شامل کرنے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

 

آئی سی سی کا دوہرا معیار، سیو غزہ نامنظور، بلیک لائیوز میٹر منظور

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی کی جانب سے ایک قوم کی حمایت سے متعلق دوہرا معیار سامنے آگیا۔ آئی سی سی نے جارج فلائیڈ کی موت پر مظاہروں کی حمایت میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں کے لیے شرٹس پر بلیک لائیو میٹرز مہم کی حمایت کی اجازت دیدی۔ فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پیغام میں آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کی تصویر جاری کی۔ اس تصویر میں جیسن ہولڈر کی کی شرٹ کے کالر پر بلیک لائیوز میٹر لکھا ہوا ہے۔ آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلیک لائیوز میٹر کے لوگو والی شرٹ پہن کر ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس وقت برطانیہ میں موجود ہے، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں مدِ مقابل ہو گی۔ 

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2014 میں انگلینڈ کے کھلاڑی معین علی نے فلسطینی قوم کی حمایت میں ’سیو غزہ‘ کا بینڈ پہن کر میچ کھیلا تھا۔ بھارت کے خلاف اس ٹیسٹ میچ کے دوران معین علی کے رسٹ بینڈ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جس کے بعد آئی سی سی نے انہیں فلسطینی قوم کی حمایت کو سیاسی رنگ دے کر انہیں بینڈ پہننے سے روک دیا تھا۔ اس وقت آئی سی سی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کونسل قوانین کھلاڑیوں کو بین الاقوامی میچز کے دوران کپڑوں یا دیگر چیزوں پر سیاسی، مذہبی یا نسلی بیانات دکھانے سے روکتے ہیں۔ خیال رہے کہ امریکا میں سیاہ فام جارج فلائیڈ کی پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے جو جلد ہی بلیک لائیوز میٹر کی مہم اختیار کر گئے جس میں کئی کھلاڑیوں نے بھی حصہ لیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ

کورونا وائرس کے سبب تھوک سے گیند چمکانے پر عبوری پابندی کی سفارش

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر کھیل میں نئی تبدیلیوں کی تجویز دیتے ہوئے لعاب سے گیند چمکانے پر عبوری طور پر پابندی کی سفارش کر دی ہے۔ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارشات میں سب سے اہم چیز تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی کی تجویز دی ہے۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ اور سابق لیگ اسپنر انیل کمبلے نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر یہ سفارشات وقتی طور پر لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ محفوظ انداز میں کھیل کا آغاز کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ ہم غیرمعمولی حالات سے گزر رہے ہیں اور کرکٹ کمیٹی نے اسی کو دیکھتے ہوئے یہ سفارشات کی ہیں تاکہ کرکٹ سے منسلک ہر شخص کا تحفظ یقینی بناتے ہوئے کھیل کے حسن کو برقرار رکھا جا سکے۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سفارشات آئی سی سی بورڈ کو بھیج دی گئی ہیں جو ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاقات کرے گا جس میں ان سفارشات پر بات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بھی آن لائن منعقد ہوا جس میں سابق کرکٹرز مہیلا جے وردنے، راہول ڈراوڈ، اینڈریو اسٹراس، بیلنڈا کلارک، سری لنکن ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور امپائر رچرڈ ایلنگ ورتھ نے شرکت کی۔ اجلاس میں طبی ماہرین سے مشورے کے بعد خصوصی طور پر گیند کو تھوک سے چمکانے پر پابندی کی سفارش کی گئی اور کہا گیا کہ دیگر کھیلوں میں بھی میدان میں لعاب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ ماہرین کا ماننا ہے کہ تھوک سے وائرس پھیل سکتا ہے۔

کمیٹی نے لعاب کی جگہ پسینے کو گیند کو چمکانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تھوک کے مقابلے میں گیند کو چمکانے کے لیے ایک محفوظ اور بہترین متبادل ہے۔ اجلاس کے دوران گیند کو چمکانے کے لیے ویسلین سمیت دیگر اشیا کے استعمال کو بھی زیر بحث لایا گیا جہاں آئی سی سی قوانین کے تحت ان اشیا کا استعمال کرنا بال ٹیمپرنگ کے زمرے میں آتا ہے اور کمیٹی نے اپنے مشاہدے میں کہا ہے کہ وقتی طور پر اس سلسلے میں قوانین میں ترمیم کئی نئی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتی ہے۔ اجلاس کے کے دوران ٹیسٹ میچز میں بھی نیوٹرل امپائرز کی جگہ مقامی امپائرز کے استعمال کی تجویز بھی پیش کی گئی کیونکہ دنیا بھر میں سفری پابندیوں کی وجہ سے امپائرز کا سفر کرنا مشکل کا سبب بن سکتا ہے۔ اس سلسلے میں نیوٹرل امپائر دستیاب نہ ہونے کی صورت میں کچھ وقت کے لیے میزبان ملک کے امپائرز کی مدد لینے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔

البتہ کمیٹی میں یہ اعتراض بھی اٹھایا گیا کہ مقامی یا میزبان ملک کے امپائرز کی موجودگی سے جانبدار فیصلے ہونے کا خطرہ ہو گا اور اسی لیے کھیل کے ہر فارمیٹ میں موجودہ قوانین کے لحاظ سے ہر ٹیم کے لیے ایک اضافی ریویو کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ کھیل کو شفاف بنایا جا سکے۔ تاہم فیفا کے قوانین کے برعکس آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی نے کھیل کے لیے کسی بھی متبادل کھلاڑی کو میدان میں اتارنے کی تجویز نہیں دی۔ فیفا نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اپنے قانون میں ترمیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب تمام ٹیمیں تین کی جگہ ایک میچ کے دوران پانچ متبادل کھلاڑیوں کا استعمال کر سکیں گی۔ آئی سی سی کے چیف میڈیکل ایڈوائزر ڈاکتر پیٹر ہارکورٹ نے کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ باآسانی ڈیڑھ گھنٹے میں ہو سکتا ہے لہٰذا کرکٹ جیسے کھیل میں متبادل کھلاڑی کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

بشکریہ ڈان نیوز

Captains rub shoulders with royals ahead of World Cup 2019

The International Cricket Council World Cup 2019 officially kicked off at The Oval, where South Africa are playing England. Before the match started, Prince Harry chatted with the flag bearers and posed for pictures. He also addressed the crowd at The Oval which was bedecked with balloons featuring flags of the contesting teams. Britain Prime Minister Theresa May was also among the spectators. The celebrations of the tournament, however, had began yesterday as London hosted an “opening party” after the captains of cricket teams that are contesting in the World Cup rubbed shoulders with the royals at the Buckingham Palace.

آئی سی سی نے پاکستان کی اسٹریٹ کرکٹ کے دلچسپ آؤٹ کا فیصلہ سنا دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بیٹسمین کے دلچسپ آؤٹ ہونے کی وڈیو پر بیٹسمین کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔ آئی سی سی نے ایک ٹوئٹ کیا ہے کہ حمزہ نامی صارف نے ویڈیو بھیجی جس میں بیٹسمین کے آﺅٹ ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں پوچھا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان کے کسی دیہات کے ایک میدان میں کرکٹ کھیلی جا رہی ہے، بیٹسمین شاٹ کھیلتا ہے تو گیند کریز پر تھوڑا آگے جاتی ہے اور پھر گھومتی ہوئی واپس آتی ہے، اس دوران بیٹسمین اسے روکنے کی کوشش بھی کرتا ہے لیکن گیند سیدھی وکٹوں میں جا کر لگتی ہے، بیٹسمین تھوڑا احتجاج کرتا ہے تاہم بعد میں آﺅٹ کا فیصلہ تسلیم کر لیتا ہے۔

A fan named Hamza sent this video to us this morning asking for a ruling
Unfortunately for the (very unlucky) batsman, law 32.1 confirms… Out! ☝ pic.twitter.com/y3Esgtz48x

— ICC (@ICC) May 22, 2018

آئی سی سی نے بھی بیٹسمین کے آﺅٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی کے قانون 32.1 کے تحت بدقسمت بیٹسمین آؤٹ ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ وڈیو پاکستان کے کس حصے سے بھیجی گئی، کچھ صارفین کے مطابق پلیئرز سندھی زبان بول رہے ہیں اور کھلاڑیوں کا تعلق صوبہ سندھ کے کسی علاقے سے ہے جبکہ بعض کے مطابق پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقہ جات میں بنائی گئی۔