ڈیرن سیمی پاکستانی شائقین کرکٹ کے ’ہیرو‘ بن گئے

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل کھیلنے کے باعث پاکستانی شہریوں کے دلوں میں ایک نئی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ عوامی سطح پر اس علیحدہ اور منفرد پہچان کو ’سپر ہیرو‘ کہا جانے لگا ہے ۔ اتوار کو میچ دیکھنے کی غرض سے شہر کے مختلف علاقوں سے شٹل کے ذریعے فائنل دیکھنے والے کرکٹ فینز جن میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی تعداد نمایا ں تھی انہوں نے وائس آف امریکہ سے تبادلہ خیال میں کہا کہ ہمارا ’سپر ہیرو‘ پاکستان کا سپر ہیرو ، کرکٹ کا ہیرو ہے ۔

نوجوانوں کی اکثریت کا کہنا تھا کہ وہ آج کے میچ میں کھل کر ڈیرن سیمی اور پشاور زلمی کو سپورٹ کریں گے ۔ ایک نوجوان لڑکے پارس اور ان کی ساتھی نوشی کا کہنا تھا کہ “پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا دوازہ کھولنے والے ڈیرن سیمی جیسے عظیم کھلاڑی ہیں۔” کرکٹ فینز کی اکثریت نے اعتراف کیا کہ نجم سیٹھی جنہوں نے پی ایس ایل کا آئیڈیا پایہ تکمیل تک پہنچایا ، سندھ کے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے دوسرے سیزن کے موقع پر ہی نجم سیٹھی سے پی ایس ایل سیزن تھری کو کراچی تک لانے کی ناصرف سب سے پہلے خواہش ظاہر کی بلکہ اسے عملی جامہ پہنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

شائقین کے بقول ڈیرن سیمی وہ کھلاڑی ہیں جو پچھلے سال بھی ایسے وقت میں پاکستان آئے تھے جب بیشتر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہاں آکر انہوں نے عوام کے دل جیتے اور جس طرح روایتی پگڑی اور ٹوپی پہن کر خوشی کا اظہار کیا اس سے ناصرف پاکستانی ثقافت کو دنیا بھر میں مزید شناخت ملی بلکہ تمام رائے عامہ بھی ان کے حق میں ہو گئی۔ ایک اور کرکٹ مداح ندیم حفیظ کا کہنا تھا کہ ’تیسرے سیزن کے لیگ میچز میں بھی ڈیرن نے زخمی ہونے کے باوجود جس انداز میں پرفارم کیا اور کرکٹ فینز کو خوش کیا وہ عوام کے لئے کسی قومی تہوار سے کم ثابت نہیں ہوئی۔‘ وائس آف امریکہ سے تبادلہ خیال میں بیشتر کرکٹ فینز نے اس خیال کا بھی اظہار کیا کہ آج کے میچ میں انہیں ہوم کراؤڈ جیسی سپورٹ ملے گی ۔ بیشتر سپوٹرز نے پشاور زلمی اور ڈیرن سیمی کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا جبکہ کچھ نوجوان نے زور دے کر کہا کہ وہ کئی دن سے پشاور کی جیت کے لئے دعاگو ہیں۔

ڈیرن سیمی کا پاکستانیوں کے لیے محبت بھرا پیغام جاری

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل تھری سے قبل پاکستانیوں کیلیے محبت بھرا پیغام دیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں، گذشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں زبردست جوش و خروش تھا، بڑی خوشی ہے کہ میرے ساتھ کرس جورڈن، مارلون سموئیلز اور ڈیوڈ مالان نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا اور انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا، قذافی اسٹیڈیم میں ٹائٹل جیتنے سے ٹور کا مزا دوبالا ہو گیا۔ ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہم شائقین کی طرف سے ملنے والی پذیرائی کبھی فراموش نہیں کر سکتے، پاکستانی مجھے سے اور میں پاکستانیوں سے بہت محبت کرتا ہوں۔

سیمی نے کہا کہ گذشتہ ایڈیشن میں قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی اٹھائی، اب 25 مارچ کو کراچی میں بھی اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے گذشتہ برس سے زیادہ جشن منائیں گے، پی ایس ایل میں مہم کیلیے تیاریاں مکمل ہیں، ہر حریف ٹیم کا احترام اور کھیل کی قدر کرتے ہیں لیکن کسی کی قوت کے خوف کا شکار ہوئے بغیر صرف اور صرف فتح کا عزم لیے میدان میں اترینگے۔ پشاور زلمی کے کپتان نے سپورٹرز سے گزارش کی ہے کہ دبئی، شارجہ کے بعد لاہور اور کراچی میں اسٹیڈیمز کا رخ کرتے ہوئے اسٹیڈیمز کو پشاور زلمی کی شرٹس سے پیلا کر دیں، ٹائٹل کے دفاع کیلیے پُرعزم کھلاڑی انھیں مایوس نہیں کرینگے۔