فلسطینی بچوں کا مطالبہ رنگ لے آیا، ارجنٹینا اور اسرائیل کا میچ منسوخ

ارجنٹینا نے اسرائیل کے خلاف ورلڈ کپ 2018 کے لیے مقبوضہ بیت المقدس میں9 جون کو شیڈول اپنا آخری وارم اپ میچ منسوخ کر دیا۔ برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق ارجنٹینا کے اسٹرایئکر گونزالو ہنگوئین نے کہا ہے کہ ’ہم نے ٹھیک فیصلہ کر لیا‘، ساتھ ہی تصدیق کی کہ ارجنٹینا اور اسرائیل کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کیا جا چکا ہے۔ مذکورہ اعلان کے بعد فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن (پی ایف اے) کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں انہوں نے ارجنٹینا کے کپتان اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی اور ان کی ٹیم کا میچ منسوخ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

پی ایف اے کے چیئرمین کی جانب سے جاری کردہ اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پی ایف اے ارجنٹینا کے کپتان اور کھلاڑیوں کا کھیلوں کے برخلاف مہم کا حصہ بننے سے انکار پر بے حد مشکور ہے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جبرائیل رجب کا کہنا تھا کہ ’آج وارم اپ میچ کی منسوخی سے کھیل، اخلاقیات اور اقدار کی فتح ہوئی جبکہ اسرائیل کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا‘۔ خیال رہے کہ چند روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ فٹبال ورلڈ کپ سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے دوستانہ میچ پر فلسطینی بچوں نے احتجاج کرتے ہوئے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی سے یہ میچ نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی۔

دونوں ملکوں کے درمیان جاری تاریخی تنازع اور حال ہی میں فلسطینی عوام پر کی گئی اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کے بعد 70 فلسطینی بچوں پر مشتمل گروپ نے ارجنٹائن کے فٹ بالر لیونل میسی کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ وہ اسرائیل کے خلاف دوستانہ میچ میں شرکت نہ کریں۔ مذکورہ خط 3 جون کو اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارتخانے کے حوالے کیا گیا جس میں فلسطینی بچوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ان خاندانوں کے بچے ہیں جن سے چھینی گئی زمینوں پر اب ٹیڈی اسٹیڈیم دوبارہ قائم کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ ’ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گاؤں پر تعمیر شدہ اسٹیڈیم میں اپنے دوستوں کے ساتھ میچ کھیلنا چاہتے ہیں جس پر ہماری خوشی اس وقت آنسوؤں میں بدل گئی اور ہمارے دل ٹوٹ گئے کہ ہمارا ہیرو میسی ہمارے آباؤ اجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے اسٹیڈیم میں کھیلنے جا رہا ہے‘۔ فلسطینی بچوں نے کہا کہ 9 جون کو جب اسرائیل اور ارجنٹینا دوستانہ میچ کھیلیں گے تو یہ ہمارے لیے ایک اداس دن ہو گا اور خط کے اختتام کچھ یوں کیا کہ ‘آئیے، ہم خدا سے دعا کریں کہ میسی ہمارے دلوں کو نہ توڑیں‘۔