محمد عرفان کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں حیرت انگیز ریکارڈ

پاکستان طویل قامت فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے کسی بھی سطح کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں باؤلنگ کا حیرت انگیز ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ محمد عرفان نے کیریبئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں بارباڈوس ٹریڈینٹس کی جانب کھیلتے ہوئے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریوٹس کے خلاف اپنے مقررہ 4 اوورز میں حیرت انگیرز طور پر صرف ایک ہی رن دیا اور اس طرح وہ اس فارمیٹ میں سب سے کفایتی باؤلنگ کروانے والے کھلاڑی بن گئے۔ محمد عرفان نے کل 4 اوورز میں 3 میڈن کیے اور 2 وکٹیں بھی حاصل کیں، لیکن پھر بھی ان کی ٹیم کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دراز قد فاسٹ باؤلر نے اپنے اسپیل میں لگاتار 4 اوور پھینک دیے اور انہوں نے ابتدائی 23 گیندوں پر کوئی رنز نہیں دیا جبکہ آخری اوور کی آخری گیند پر برینڈن کنگ نے ایک رن لیا۔

پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر محمد عرفان نے جارح مزاج بیٹسمن کرس گیل کو آوٹ کیا جبکہ دوسرے اوور میں ایوین لوئیس کو پویلین کی راہ دکھائی۔ واضح رہے کہ محمد عرفان دنیائے کرکٹ کے دراز قد کھلاڑی ہیں اور ان کے پاس کرکٹ کی تاریخ کا طویل قامت کھلاڑی ہونے کا بھی اعزاز ہے۔ محمد عرفان اب تک 86 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 21.38 کی اوسط سے 97 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محمد عرفان 20 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں جن میں انہوں نے صرف 15 وکٹیں ہی حاصل کیں۔

محمدعرفان نے ویرات کوہلی کی تعریف کا محبت سے جواب دیدیا

محمد عرفان نے ویرات کوہلی کی تعریف کا محبت سے جواب دیدیا۔ ویرات کوہلی نے اپنے انٹرویو کے دوران پاکستان کے اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کو مہلک پیسر اور محمد عرفان کو مشکل بولر قرار دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بیٹنگ کوچ نے ایک فٹ کے اسٹول پر کھڑے ہو کرانھیں طویل قامت پیسر کیخلاف کھیلنے کی پریکٹس کرائی تھی۔ اس انٹرویو کو پاکستانیوں کی جانب سے بہت زیادہ سراہا گیا۔ شعیب اختر نے جواب دیتے ہوئے تعریفی کلمات پر ویرات کوہلی کا شکریہ ادا کیا.

اب محمد عرفان بھی میدان میں آ گئے اور ایسی بات کہہ دی کہ بھارتی کپتان کو بھی ان کا شکریہ ادا کرنا پڑا۔ طویل قامت پیسر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ویرات کوہلی وضع دار آدمی اور بڑے دل والا عظیم کھلاڑی ہے، میرے دوست تمہارے لیے دعائیں، امید ہے کہ ہم میدان میں ایک دوسرے کے ساتھ زیادہ کرکٹ کھیلیں گے۔
 

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : اب تک تیزترین بولنگ کرانے والوں میں 3 پاکستانی بولرزسرفہرست

 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کی ٹیمیں اپنے اپنے میچز کھیل چکی ہیں اور تین پاکستانی بولر ایسے ہیں جو تیز ترین گیند کرانے میں سرفہرست ہیں۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈن اسٹیڈیم میں بنگلادیش کے خلاف پاکستان کے تین فاسٹ بولر وہاب ریاض، محمد عرفان، اور محمد عامر تیز ترین بول کرانے کی فہرست میں بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ وہاب ریاض نے بنگال ٹائیگرز کے خلاف 92 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرا کر پہلی پوزیشن پر قبضہ کیا جب کہ محمد عرفان نے 91.9 میل فی گھنٹہ اور محمد عامر نے 91.8 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی۔
اب تک تیز ترین گیند کرانے میں ویسٹ انڈیز کےآندرے رسلز چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 90.7 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی جب کہ نیوزی لینڈ کے ایڈم ملنے 90.6 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرا چکے ہیں۔