ورلڈ کپ 2019 میں پانچ اسٹار کرکٹرز کا کیریئر تمام ہو گا

ورلڈ کپ کے ساتھ 5 اسٹار کرکٹرز کے ون ڈے کیریئر کا سورج بھی غروب ہو گا اور شعیب ملک، کرس گیل، ڈیل اسٹین، جے پال ڈومینی اور عمران طاہر آخری بار ایکشن میں نظر آئیں گے۔ طویل ون ڈے کیریئرکے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنے والے 5 کرکٹرز ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گے، 282 ایک روزہ میچز میں 7481 رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں کامیاب ترین بیٹسمین شعیب ملک نے آف اسپن بولنگ کا جادو جگاتے ہوئے 156 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں، ایک مستعد فیلڈر خیال کیے جانے والے آل راؤنڈر نے 96 کیچز بھی تھامے ہیں، انھوں نے گزشتہ سال جون میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ ورلڈ کپ کے بعد صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔

ویسٹ انڈین ٹیم میں کم بیک کے بعد انگلینڈ کیخلاف 4 اننگز میں 424 رنز بنانے والے کرس گیل نے بھی رواں سال کے آغاز میں ہی اعلان کر دیا تھا کہ ورلڈکپ کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل نہیں کھیلیں گے۔ اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بار بار انجریز کا شکار ہونے کے باوجود دنیا کے تیز ترین اور مہلک پیسرز میں شمار کیے جانے والے ڈیل اسٹین نے بھی گزشتہ سال جولائی میں اعلان کر دیا تھا کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔ ایک اور جنوبی افریقی اسٹار جے پال ڈومینی نے بھی انجریز کا مقابلہ کرنے کے باوجود 5047 رنز جوڑے ہیں، کفایتی بولنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، آل راؤنڈر میگا ایونٹ کے بعد صرف ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ ون ڈے کرکٹ میں جنوبی افریقہ کے سب سے کامیاب اسپنر عمران طاہر نے 162 شکار کر رکھے ہیں، انھوں نے بھی ورلڈکپ کے بعد خود کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ تک محدود کرنے کا اعلان پہلے ہی کر دیا تھا۔

Leave a comment