عامر خان نے کینیڈین باکسر کو محض چالیس سیکنڈ میں شکست دیدی

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان دو سال کے بعد باکسنگ رنگ میں لوٹے لیکن ایک منٹ سے بھی کم وقفے کے لیے۔ انھوں نے لیورپول میں ہونے والے مقابلے میں کینیڈا کے اپنے حریف فل لو گریکو کو صرف 40 سیکنڈ میں ڈھیر کر دیا۔ عامر خان دو سال میں پہلی مرتبہ رنگ میں اترے تھے۔ انھوں نے اپنے حریف گریکو کو پہلی بار بائیں اور دائیں جانب سے گھونسوں کی بوچھار سے صرف 13 سیکنڈ میں زمین پر گرا دیا۔ اس کے فوراً بعد انھوں نے مکوں کی بارش سے اپنے حریف کو ایسا گرایا کہ وہ پھر نہ اٹھ سکے۔ 31 سالہ عامر خان نے کہا: ’میں قدرے نروس تھا لیکن میں نے دھماکہ دار واپسی کی ہے۔‘ ’میں رواں سال یا آئندہ سال عالمی چیمپیئن بننا چاہتا ہوں۔

سابق لائٹ اور ویلٹر ویٹ عالمی چیمپیئن عامر خان لاس ویگس میں سنہ 2016 میں سول کینیلو الواریز کے ہاتھوں ناک آؤٹ ہونے کے بعد سے کسی مقابلے میں نہیں اترے تھے جبکہ اس سے قبل برطانیہ کے شیفیلڈ میں پانچ سال قبل انھوں نے جولیو ڈیاز کو پوائنٹس کی بنیاد پر شکست دی تھی۔ انھوں نے کہا: ’رنگ سے میں دو سال تک باہر رہا تاہم جم میں سخت محنت کر رہا تھا اور میں نے ایک دن کی بھی چھٹی نہیں لی۔ میں واپسی کا جواز پیش کرنا چاہتا تھا۔ اس لائٹ مڈل ویٹ کے مقابلے کے بعد عامر خان کی توجہ کیل بروک پر ہے جو کہ رنگ کے پاس تھے۔ عامر خان نے کہا کہ بروک ’ان کے نام پر جی رہے ہیں۔‘ عامر خان اور 31 سالہ بروک کو ایک عرصے سے اس میچ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے اور اب دونوں نے پروموٹر ایڈی ہرن کے میچ روم باکسنگ کے ساتھ معاہدہ کر رکھا ہے ۔

عامر خان نے کہا : اس مقابلے کی نہ تو مجھے بہت جلدی ہے اور نہ ہی میں اس سے بھاگ رہا ہوں۔ ’میں کیل بروک سے لڑوں گا۔ کیل بروک بہت دنوں سے میرے نام کی کھا رہا ہے۔ میں اس سے مضبوط اور بہتر فائٹر ہوں۔’ میں ایسا فائٹر نہیں جو بھاگ کھڑا ہو۔‘ بروک نے ان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ’تارے دکھا دیں گے۔‘ اس سے ان کا اشارہ بظاہر عامر خان کے ٹی وی شو ’آئی ایم اے سیلبریٹی ۔۔۔ گیٹ میں آؤٹ آف ہیئر‘ کی جانب تھا جو انھوں نے گذشتہ سال کیا تھا انھوں نے کہا : ’عامر، تمام مداح مقابلہ چاہتے ہیں اور میں بھی لڑنا چاہتا ہوں۔‘ ’وہ جنگل میں جاکر ستاروں کا پیچھا کر سکتے ہیں لیکن جب وہ میرے سامنے ہوں گے تو میں انھوں تارے دکھا دوں گا۔

بشکریہ بی بی سی اردو

Leave a comment