اب کرکٹ صرف شائقین کے لیے

پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی انٹرنیشنل کرکٹ ختم کر چکے اور اب جتنی بھی کرکٹ وہ کھیل رہے ہیں وہ اپنے چاہنے والوں کے لیے ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے شائقین کے لیے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور یہ کرکٹ پاکستانی ٹیم میں واپسی کے لیے نہیں ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کے الوداعی میچ کا بھی بہت ذکر رہا تو کیا اب بھی آپ اس بارے میں سوچ رہے ہیں؟
شاہد آفریدی کا جواب تھا:’نہیں جی، خدا حافظ ہو چکا ہے۔ میں اپنی کرکٹ اپنے چاہنے والوں کے لیے کھیل رہا ہوں۔ جتنی بھی باقی ہے سال دو سال مزید کھیلوں گا۔ اس وقت میرے لیے سب سے اہم میری فاؤنڈیشن ہے اسے چلانا ہے۔ جتنی سنجیدگی اور پروفیشنل طریقے سے اپنے ملک کے لیے کھیلنا تھا وہ میں کھیلا ہوں۔‘ نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق شاہد آفریدی سے جب پوچھا گیا کہ اپنی کرکٹ سے کتنا لطف اٹھا رہے ہیں؟ جس کا جواب انہوں نے اپنی مخصوص مسکراہٹ کے ساتھ دیتے ہوئے کہا ’نظر آرہا ہے۔‘
یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے یہ کہا تھا کہ وہ انڈیا میں منعقدہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اختتام پر بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے لیکن عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی شکست کے بعد وہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کے سلسلے میں تذبذب کا شکار دکھائی دیے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی خواہش تھی کہ شاہد آفریدی کو ایک میچ میں موقع دے کر بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت کیا جائے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس تجویز کو رد کر دیا۔
36 سالہ شاہد آفریدی کا بین الاقوامی کریئر 21 سال پر محیط رہا ۔ اس طویل عرصے میں انہوں نے 48 ٹیسٹ، 398 ون ڈے انٹرنیشنل اور 98 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 97 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہیں۔ انہیں ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 351 چھکے لگانے کا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔ شاہد آفریدی نے اکتوبر 1996 ء میں سری لنکا کے خلاف صرف37 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی جو 18 سال تک ون ڈے انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری کا عالمی ریکارڈ رہا۔
یہ ریکارڈ پہلے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے 36 گیندوں پر سنچری بنا کر توڑا لیکن ایک سال بعد ہی جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے 31 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

Leave a comment